بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
قوم عظیم رہنما کی بے مثال قیادت، سیاسی بصیرت اور جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہونے والے محمد علی جناح نے اپنی سیاسی بصیرت اور اصولی قیادت کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد انہوں نے شدید علالت کے باوجود ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا اور کراچی کو پاکستان کا پہلا دارالحکومت قرار دیا۔قائداعظم کی انتھک جدوجہد، تدبر اور اصول پسندی کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ریاست کے طور پر ابھرا۔ قیام پاکستان کے تقریباً 13 ماہ بعد 11 ستمبر 1948 کو قائداعظم محمد علی جناح 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
قائداعظم کا دیا ہوا سنہری اصول ''اتحاد، ایمان اور تنظیم'' آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی برسی کا دن ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور باوقار ریاست بنانے کے لیے قائداعظم کے اصولوں اور نظریات پر صدقِ دل سے عمل کیا جائے۔بابائے قوم کا پیغام اتحاد، نظم و ضبط اور مسلسل محنت کا درس دیتا ہے، جو آج بھی پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔