باٹا پور میں دو مبینہ منشیات فروش گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر) باٹا پور پولیس نے منشیات کی مبینہ ترسیل کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان نعمان اور سلیمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ایس ایچ او باٹا پور آصف منصب نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو منشیات سپلائی کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 1800 گرام چرس اور 13 کلوگرام سے زائد پوست برآمد ہوئی۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے مبینہ طور پر آن لائن ذرائع سے منشیات منگوا کر مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے کا انکشاف کیا۔ ایس پی کینٹ نے کہا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس سے تعاون کی اپیل کی۔