لاہور(کرائم رپورٹر) اختر نواز کی خصوصی ہدایات پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او باٹا پور آصف منصب نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر مختلف مقامات پر دوران چیکنگ کارروائی کی گئی، جہاں سے ملزمان افتخار اور کاشف کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 1850 گرام چرس بر آمد کر لی گئی۔ایس پی کینٹ اختر نواز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش نہر کنارے نوجوان نسل کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس پی کینٹ نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او باٹا پور آصف منصب اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو تباہ کرنے والے منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں۔