لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کی ہدایت پر پتنگ اور ڈور فروشوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ باٹا پور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگوں اور ڈور کی سپلائی ناکام بنا کر ملزم علی رضا کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر دوران پٹرولنگ کھیرا پل کے قریب پتنگ فروش علی رضا کو پتنگوں اور ڈور کی ڈیلیوری دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 200 پتنگیں اور 12 قاتل کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد ہوئیں۔ ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق ملزم نے آن لائن لوکیشن کے ذریعے مختلف علاقوں میں پتنگوں اور ڈور کی سپلائی دینے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے کہا کہ پتنگ فروشوں، پتنگ سازوں اور پتنگ بازوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔