باٹا پور میں سی سی ڈی کے ساتھ مقابلہ ،2ملزم ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے ،للیانی میں منشیات ڈیلر مارا گیا

سی سی ڈی ان ایکشن ،منشیات فروشوں سمیت 8ہلاک 
لاہور میں علی رضا اور منصب ،حافظ آباد میں کاشف اور آصف مارے گئے مصطفی آباد میںمنشیات اور ڈکیتی کے 25 سنگین مقدمات میں مطلوب ایم ڈی جھمرہ میں آئس ڈیلر قیصر ، بورے والا میںیامین ،سوہدرہ میں زیادتی کا ملزم بلال ہلاک 
 لاہور (کرائم رپورٹر )کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی )پنجاب کے مختلف شہروں میں مبینہ مقابلے،خاتون سے زیادتی کے ملزم ،ڈاکوئوں اور منشیات فروشوں سمیت 8 ملزم ہلاک ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق لاہورکے علاقہ باٹا پور میں سی سی ڈی کے ساتھ مقابلہ کے دوران 2 ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس کے مطابق ہلاک ملزموں کی شناخت علی رضا اور منصب علی کے نام سے ہوگئی ہے۔ادھر مصطفی آباد/للیانی میں سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلے میں منشیات کا بڑا ڈیلر محمد دین عرف ایم ڈی ہلاک ہو گیا، وہ نواحی گائوں کلیاں کا رہائشی ملزم منشیات اور ڈکیتی جیسے 25 سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔دوسری طرف حافظ آبادمیں پنچ پلہ نہر کے قریب سی سی ڈی سے فائرنگ کے تبادلہ میں اپنے ہی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے 2ڈاکو کاشف سکنہ کوٹ رادھا کشن اور آصف سکنہ ننکانہ ہلاک ہو گئے، دونوں ملزم ڈکیتی ،راہزنی سمیت دیگر سنگین نوعیت کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ مزید برآں وزیرآباد کے تھانہ سوہدرہ کی حدود میں ہری پور بند کے قریب مبینہ مقابلے میں خاتون سے زیادتی کا ملزم بلال اختر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے موٹرسائیکل سوار 2 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ فیصل آباد کی تحصیل چک جھمرہ کے علاقہ لکڑوالا پل کے قریب سی سی ڈی کیساتھ مبینہ پولیس مقابلہ میں بدنام زمانہ آئس ڈیلر قیصر علی ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کیموٹرسائیکل سوار 3 ساتھی فرار ہو گئے۔ ہلاک ملزم کے قبضہ سے سوا کلو سے زائد چرس، 50گرام آئس اور 30بور پستول برآمد ہوگیا۔ مزید برآں بوریوالا کے تھانہ ماڈل ٹائون کی حدود غلہ گودام کے قریب سی سی ڈی اور منشیات فروشوں کے درمیان مبینہ مقابلہ کے دوران منشیات فروش یامین سکنہ محمد نگر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔پولیس نے تمام ہلاک ملزموں کی لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کر کے مزید کارروائیاں شروع کر دیں۔