مختلف علاقوں میں کارروائی، 9 ون ویلرز اور 5 پتنگ باز گرفتار، سامان برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور میں ڈولفن سکواڈ نے اتوار کے روز جرائم پیشہ عناصر، ون ویلنگ اور پتنگ بازی کے خلاف سنڈے اسپیشل گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈیفنس، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، بند روڈ اور فیروزپور روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کارروائی کے دوران 9 ون ویلرز گرفتار کیے گئے، جو شاہراہوں پر خطرناک کرتب اور اسٹنٹس کرکے شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے تھے۔ شیراکوٹ، کاہنہ اور دیگر علاقوں سے پتنگ بازی میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرکے پتنگیں اور ڈور برآمد کرلی گئی۔ گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کردیا گیا۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ پتنگ بازی اور ون ویلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔