سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ کے لیے ایک ایک کروڑ روپے دینے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ سانحہ کے متاثرہ دکانداروں کو 5-5 لاکھ روپے کچن اور یوٹیلیٹی اخراجات کے لیے کمشنر کے ذریعے فراہم کیے جا رہے ہیں۔کابینہ نے متاثرہ دکانداروں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے بلا سود قرض کی بھی منظوری دی، جس کا مقصد دکانداروں کو دوبارہ کاروبار شروع کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سود ادا کرے گی اور متاثرہ دکانداروں کو دو ماہ کے اندر دکانیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنا کاروبار بحال کر سکیں۔
سانحہ گل پلازہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے، سندھ کابینہ نے ایک سب کمیٹی بھی قائم کی، جس میں وزیراعلیٰ کے ساتھ صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور ضیاء الحسن لنجار شامل ہیں۔ سب کمیٹی کمشنر کراچی کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لے گی اور اس کی روشنی میں مزید کارروائی اور لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور دکانداروں کے تحفظ اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔