پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی کے پر تشدد احتجاج میں سکیورٹی اہلکاروں کے شہید و زخمی ہونے پر خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پولیس اور رینجرز پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے بے رحمانہ حملے کیے گئے۔پنجاب کابینہ نے پولیس کے شہید کانسٹیبل کے لیے 2 کروڑ 90 لاکھ روپے اور زخمی اہلکاروں کے لیے 10 لاکھ روپے کے پیکیج کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس دوران کہا کہ پی ٹی آئی کے متشدد کارکنوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کانسٹیبل کے چھوٹے بچے ہیں اور زخمی اہلکاروں کی حالت دیکھ کر دل دہل جاتا ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ زخمی اہلکاروں میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے اور ان کی حالت دیکھ کر یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ان پر انتہائی ظلم کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پنجاب میں 10 ہزار تربیت یافتہ سکیورٹی اہلکاروں کی انسداد فسادات کے لیے خصوصی فورس قائم کی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے حملوں کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان اور میانوالی چیک پوسٹوں پر حملوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات میں بہتری کی ہدایت کی۔