وزیراعلیٰ سندھ کا شہداء کے لواحقین کو ایک کروڑ اور زخمیوں کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ کا شہداء کے لواحقین کو ایک کروڑ اور زخمیوں کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان

یومِ تشکر کے موقع پر سندھ سیکریٹریٹ میں پرچم کشائی کی ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پرچم کشائی کی۔

 اس موقع پر صوبائی وزراء، مشیران، معاونینِ خصوصی، چیف سیکریٹری، اعلیٰ حکام اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت کی بزدلانہ جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان کی سالمیت اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔مراد علی شاہ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ بھارتی حملے میں شہید ہونے والوں کے ورثاء کو سندھ حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپے فی کس امداد دی جائے گی جبکہ زخمیوں کو 10 لاکھ روپے فی کس مالی مدد فراہم کی جائے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دشمن کو اس کی زبان میں جواب دیا اور پوری قوم نے متحد ہو کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے عوام سے یوم تشکر منانے اور شہداء کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جو کامیابی ہمیں حاصل ہوئی ہے، اسے قومی ترقی اور اتحاد کی علامت بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اگر جارحیت کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔