سندھ کابینہ نے صوبے میں صنعتی علاقوں کی ترقی کے لیے 2 ارب 90 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے اور کراچی کے تمام صنعتی علاقوں میں سڑکوں اور نکاسیٔ آب کے نظام کی مرمت و بحالی کی جائے گی تاکہ صنعتکاروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹیں ختم ہوں۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے کے دیگر انڈسٹریل اسٹیٹس کے لیے بھی علیحدہ ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا، جس سے اندرونِ سندھ صنعتوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے 23 اضلاع میں عوامی کچہریاں منعقد کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ کے مطابق جنوری کے دوسرے ہفتے سے عوامی کچہریوں کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا تاکہ عوام کے مسائل براہِ راست سنے جا سکیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کر کے رپورٹ پیش کی جائے، جبکہ شکایات کے حل میں کوتاہی برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور حکومتی اداروں کو زیادہ مؤثر اور جوابدہ بنایا جائے گا۔