خیبر پختونخوا حکومت نے ضلع سوات کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد انتظامی بہتری اور مقامی سطح پر موثر حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔
صوبائی کابینہ کے 43ویں اجلاس میں 19 دسمبر 2025 کو یہ فیصلہ منظور کیا گیا تھا، اور اس کے بعد ضلع سوات کی تقسیم کا رسمی اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
نئے انتظامی ڈھانچے کے مطابق:
ضلع اپر (بر) سوات کا ہیڈ کوارٹر مٹہ ہوگا اور اس میں مٹہ، بحرین، اور خوازہ خیلہ کی تحصیلیں شامل ہوں گی۔
ضلع سوات کا ہیڈ کوارٹر گل کدہ، تحصیل بابوزئی ہوگا، اور اس میں بابوزئی، کبل، چارباغ اور بریکوٹ کی تحصیلیں شامل ہوں گی۔
اس تقسیم کے بعد خیبر پختونخوا میں کل اضلاع کی تعداد 40 ہوگئی ہے، جس سے صوبائی سطح پر انتظامی امور میں بہتری، ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل، اور مقامی مسائل کے تیز حل کی توقع کی جا رہی ہے۔اضلاع کی تقسیم کے بعد دونوں نئے اضلاع میں مقامی انتظامیہ اور ترقیاتی دفاتر کو فعال کرنے کی تیاریاں شروع ہو جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔