خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے اہم اور بڑے ضلع سوات کو دو حصوں میں تقسیم کرکے نیا ضلع بنانے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر محکمہ ریونیو نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر سوات کو باضابطہ مراسلہ جاری کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ سوات کو ضلع بالائی سوات اور ضلع زیریں سوات میں تقسیم کیا جائے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر 3 دن کے اندر اندر اس حوالے سے رپورٹ مرتب کرکے جمع کرائیں۔
مراسلے کے مطابق مجوزہ تقسیم کے بعد:
موجودہ سوات کے بالائی علاقوں کو ضلع بالائی سوات قرار دیا جائے گا۔جبکہ موجودہ مرکزی اور زیریں حصہ زیریں سوات کے نام سے برقرار رہے گا۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد انتظامی معاملات کو مؤثر بنانا، عوامی مسائل کا جلد حل نکالنا اور علاقے میں بہتر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔