لاہور پولیس کے ایس پی سٹی بلال احمد نے بسنت کے دوران شہریوں کے لیے اہم حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ایس پی سٹی کے مطابق حکومت نے بسنت منانے کی اجازت صرف 6 سے 8 فروری تک دی ہے، اور اس دوران پتنگ بازی صرف حکومتی ایس او پیز کے مطابق کی جا سکے گی۔انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ بسنت کے دوران چھتوں پر ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ اور دیگر غیر قانونی اقدامات کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ چھتوں اور عمارتوں کے مالکان کے ضمانتی بانڈز جمع کرائے گئے ہیں تاکہ کسی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ایس پی بلال احمد نے واضح کیا کہ کیمیکل ڈور اور تندی دھات کی ڈور کے استعمال کی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی اور قانون توڑنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یکم فروری سے پتنگ اور ڈور کی خرید و فروخت صرف رجسٹرڈ سیلرز کر سکیں گے، جبکہ غیر رجسٹرڈ فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بسنت کے دوران قانون کی پاسداری کریں اور غیر قانونی سرگرمیوں سے گریز کریں، کیونکہ بسنت کی اجازت صرف لاہور شہر تک محدود ہے اور دیگر اضلاع میں اس کی اجازت نہیں دی گئی۔