لاہور میں بسنت 2027 کے انعقاد کا نوٹیفکیشن جاری، پتنگ بازی کے لیے شرائط مقرر

لاہور میں بسنت 2027 کے انعقاد کا نوٹیفکیشن جاری، پتنگ بازی کے لیے شرائط مقرر

لاہور: ڈپٹی کمشنر لاہور نے بسنت 2027 کے انعقاد سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ضلع لاہور میں 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو مخصوص شرائط کے ساتھ پتنگ بازی کی اجازت دی گئی ہے۔

 نوٹیفکیشن میں پتنگوں اور ڈور کی تیاری، خریداری، نقل و حمل اور فروخت کے لیے الگ الگ تاریخیں مقرر کرنے کے ساتھ حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مخصوص ممنوعہ علاقوں کے علاوہ ضلع لاہور میں پتنگ بازی کی اجازت ہوگی، تاہم اس مقصد کے لیے صرف مقررہ معیار کے مطابق اجازت یافتہ پتنگیں اور ڈور استعمال کی جا سکیں گی۔ خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو نگرانی اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق پتنگوں اور ڈور کی تیاری یکم؟ نہیں، 5 ستمبر 2026 سے 14 مارچ 2027 تک کی جا سکے گی، جبکہ پتنگ بازی کے سامان کی خریداری اور نقل و حمل یکم فروری 2027 سے شروع ہوگی۔ سامان کی فروخت کے لیے 10 فروری سے 14 مارچ 2027 تک کی مدت مقرر کی گئی ہے۔حکام نے پتنگوں اور ڈور کے مینوفیکچررز اور دکانداروں کی ڈیجیٹل رجسٹریشن لازمی قرار دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صرف رجسٹرڈ دکاندار ہی پتنگ بازی کا سامان فروخت کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ مینوفیکچررز اور دکانداروں کو اپنے تیار کردہ سامان، ذخیرے اور فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھنے کا پابند بنایا گیا ہے تاکہ سامان کی تیاری اور ترسیل کی نگرانی کی جا سکے۔

نوٹیفکیشن میں پتنگوں اور گڈوں کے سائز بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ اس کے مطابق پتنگ کی لمبائی 35 انچ اور چوڑائی ساڑھے چار گٹھی سے زیادہ نہیں ہوگی، جبکہ گڈے کی لمبائی 34 انچ اور چوڑائی ڈیڑھ توا مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ پیمائش سے تجاوز کرنے والے سامان کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خطرناک ڈور، دھاتی تار اور نائلون ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ ہدایت کی گئی ہے کہ ڈور کی تیاری میں صرف اجازت یافتہ مواد استعمال کیا جائے اور حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔موٹر سائیکل سواروں کے تحفظ کے لیے سیفٹی راڈز کی تنصیب سمیت دیگر حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق بسنت کے دوران حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کے لیے متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ بسنت کے دوران جاری کردہ نوٹیفکیشن میں درج تمام شرائط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ رجسٹرڈ مینوفیکچررز اور دکانداروں کے ریکارڈ کی جانچ اور پتنگ بازی کے لیے استعمال ہونے والے سامان کی نگرانی بھی کی جائے گی۔