سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات ، جوڈیشل کمیشن کی ضرورت نہیں، نادرگبول

   لاشیں نہ مل سکیں توعینی شاہدین کے بیانات کو مدنظر رکھتے تحقیقات مکمل کی جائیں گی
    کراچی (آئی این پی ) سندھ حکومت کے ترجمان نادر گبول  نے کہا  ہے کہ سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی فی الحال کوئی ضرورت نہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ لاپتہ افراد کی لاشیں برآمد کی جائیں، تاہم اگر لاشیں نہ مل سکیں تو شواہد اور عینی شاہدین کے بیانات کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات مکمل کی جائیں گی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے مکمل ہونے کے بعد گل پلازہ کی عمارت کو سیل کردیا جائے گا، پولیس، تکنیکی ماہرین اور کمشنر کی تحقیقاتی کمیٹی تفتیش کے تمام مراحل میں شامل ہیں اور واقعے کی تمام پہلوئوں سے چھان بین کی جا رہی ہے۔نادر گبول نے واضح کیا کہ سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے اس وقت جوڈیشل کمیشن کی کوئی ضرورت نہیں ہے، پولیس اور ماہرین آتشزدگی کی تفتیش میں مصروف ہیں اور دکانداروں و عینی شاہدین کے بیانات بھی تحقیقات کا حصہ بنائے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد آئندہ قانونی کارروائی کے لئے  فیصلہ کیا جائے گا۔