شہباز شریف ایک بار پھر تحفظات کا اظہار گورنرپنجا ب سردار سلیم حیدر خا ن
موجودہ حکومت پی پی کی حمایت کی وجہ سے ہی چل رہی ہے ،جلد بازی میں کیے گئے حکومتی فیصلے اکثر حکومت کے لیے مشکلات کا باعث بنتے ہیں، پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کیے جائیں کہیں ایسا نہ ہوچیزیں ہاتھ سے نکل جائیں :سردار سلیم حیدر
لاہور ( خصوصی رپورٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ تمام تر مخالفت کے باوجود ن لیگ کا حکومت بنانے کے لیے ساتھ دیا، اسے سوچنا چا ہیے کہ پیپلز پارٹی کی وجہ سے شہبازشریف وزیراعظم بنے، اگر حکومت ختم ہوئی تو سب سے زیادہ نقصان مسلم لیگ ن کا ہوگا۔ مہمند لوئرجرگہ کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ کو ملک کی خاطرمذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے، صدر آصف زرداری مفاہمت کے بادشاہ ہیں وہ مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجابی، سندھی، بلوچی اور پختون سب پاکستانی ہیں، سب نے مل کر پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے کام کرنا ہے، پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، حکومت کو چاہیے پیکاایکٹ میں ترمیم پرصحافیوں سے مشاورت کرے، پیپلزپارٹی مہمند لوئر جرگہ کے مسائل حل کرنے میں بھر پور کردار ادا کرے گی۔علاوہ ازیں سردار سلیم حیدر خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پی پی کی حمایت کی وجہ سے ہی چل رہی ہے لیکن اتحادی ہونے کے باوجود ہمارے مطالبات پر عمل درآمد نہیں ہو رہا اور جلد بازی میں کیے گئے حکومتی فیصلے اکثر حکومت کے لیے مشکلات کا باعث بنتے ہیں، موجودہ حکومت کی کارکردگی کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے، تاہم اس بار ن لیگ سے اتحاد کے تجربے کی ناکامی کی صورت میں ہمیشہ کے لیے راہیں جدا کرلیں گے۔گورنرپنجاب کی جانب سے وزیراعظم سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کیے جائیں کہیں ایسا نہ ہوچیزیں ہاتھ سے نکل جائیں کیوں کہ پیپلز پارٹی اگر ساتھ نہ دیتی تو آج نہ حکومت ہوتی اور نہ ہی سسٹم چلتا، چیزیں ہاتھ سے نکلنے پر سسٹم ، جمہوریت اور دونوں اتحادی جماعتوں کا ہی نقصان ہوگا، اب بھی وزیراعظم کو بلاول بھٹو زرداری کے تحفظات پرسنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔