ن لیگ کو سوچنا چاہئے،پیپلز پارٹی کی وجہ سے شہبازشریف وزیراعظم بنے: وفد سے گفتگو
لاہور(خصوصی رپورٹر )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے تمام تر مخالفت کے باوجود ن لیگ کا حکومت بنانے کے لئے ساتھ دیا،اگر حکومت ختم ہوئی تو سب سے زیادہ نقصان ن لیگ کاہوگا،ن لیگ کو سوچنا چاہئے،پیپلز پارٹی کی وجہ سے شہبازشریف وزیراعظم بنے۔ مہمند لوئرجرگہ کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کہا پنجابی،سندھی،بلوچی اور پختون سب پاکستانی ہیں،سب نے مل کر پاکستان کی ترقی و استحکام کے لئے کام کرنا ہے۔پیپلز پارٹی مہمند لوئر جرگہ کے مسائل حل کرنے میں بھر پور کردار ادا کرے گی،پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے،حکومت کو چاہیے پیکاایکٹ میں ترمیم صحافیوں سے مشاورت کے بعد کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ کو ملک کی خاطرمذاکرات کا راستہ اپنانا چاہئے،صدر آصف زرداری مفاہمت کے بادشاہ ہیں ،وہ مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔