مرادشاہ لے جائیں مریم دیدیں،کراچی کے تاجروں کامطالبہ

وفاقی وزیر احسن اقبال دلچسپ مطالبے پرمسکرادئیے،کوئی تبصرہ نہیں کیا
 نہروں پر دوٹوک موقف پر بیتکی باتیں کی جارہی ہیں:ترجمان سندھ حکومت 
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کارکردگی سے متاثر کراچی کے تاجروں نے وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال سے دلچسپ مطالبہ کردیا۔ایک اجلاس کے دوران تاجر رہنما نے احسن اقبال سے مطالبہ کیا کہ‘‘کچھ عرصے کیلئے مریم نواز شریف ہمیں دے دیں اور مراد علی شاہ آپ رکھ لیں’’۔اجلاس میں شریک تمام تاجروں نے مریم نواز کو وزیر اعلیٰ سندھ بنانے کی حمایت کر دی۔وفاقی وزیر احسن اقبال تاجر رہنما کے مطالبے پر بے ساختہ مسکرا دئیے تاہم انہوں نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے مراد علی شاہ کے خلاف بیان پر کہا کہ خوشامدیوں سے رٹا لگوائی بات کہلوانے سے زمینی حقائق نہیں بدلے جاسکتے۔ ایک چاپلوس کی بات کو باشعور، باوقار تاجر برادری کا بیانیہ کہنا بد دیانتی ہے، کوئی سنجیدہ سیاستدان اور ذمہ دار وزیر اپنے سامنے فضول بات برداشت نہیں کرتا۔مخصوص تاجر ٹولہ سازش کے تحت سندھ کے لوگوں کے مینڈیٹ کی توہین کر رہا ہے۔متنازعہ نہروں پر مراد علی شاہ کے دوٹوک موقف پر یہ بیتکی باتیں کی جارہی ہیں، پیپلز پارٹی متنازعہ نہروں اور دریائے سندھ کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹے گی۔