(ن)لیگ کیساتھ کوآرڈی نیشن کمیٹی کااجلاس: پیپلزپارٹی نے پنجاب میںبلدیاتی الیکشن کامطالبہ کردیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) رہنما پیپلزپارٹی حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ہم نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔پیپلز پارٹی اور( ن) لیگ کے درمیان پاور شیئرنگ کے امور پر کوآرڈینیشن کمیٹی کے 5 ویں اجلاس کے بعد گورنر ہاؤس میں محمد احمد خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اتفاق کیا کہ ملکی حالات کے پیش نظر ملکر چلنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ہم نے بلدیاتی انتخابات کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے، ہم نے گورننس کے حوالے سے بھی تحفظات سامنے رکھے ہیں۔رہنما پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اسمبلی میں پیش کیے گئے بلدیاتی الیکشن کے بل پرتحفظات ہیں، امید ہے کہ ہم مزید آگے بڑھیں گے۔قبل ازیں پیپلز پارٹی اور( ن) لیگ کے درمیان پاور شیئرنگ کے امور پر کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس گورنر ہاؤس لاہور میں ہوا، اجلاس کی میزبانی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کی۔اجلاس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے راجا پرویز اشرف ،ندیم افضل چن، علی حیدر گیلانی ، مرتضیٰ حسن جبکہ( ن) لیگ کی جانب سے مشیر وزیراعظم پاکستان راناثناء اللہ، ملک محمد احمد خان، سینئر وزیر مریم اورنگزیب شریک ہوئے جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آن لائن شرکت کی۔