لاہور میں عورت مارچ، جنس کا تعین خود کرنے کا حق برقرار ر کھنے کامطالبہ

 مذہبی، لسانی، صنفی اقلیتوں اور سیاسی مخالفین کو عام زندگی سے مٹانے کے سلسلے کو ختم کیا جائے:شرکاء
لاہور (آئی ا ین پی  )   ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد لاہور میں بدھ کو  عورت مارچ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شرکا نے خواتین، مذہبی و صنفی اقلیتوں، اور دیگر پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ ریلی کے دوران مختلف معاشرتی مسائل پر آواز اٹھائی گئی اور حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔عورت مارچ کے شرکا نے مطالبہ کیا  مذہبی، لسانی، صنفی اقلیتوں اور سیاسی مخالفین کو عام زندگی سے مٹانے کے سلسلے کو ختم کیا جائے اور پنجاب پروٹیکشن آف ویمن قانون کو موثر انداز میں نافذ کیا جائے۔ریلی میں کام کی جگہوں پر جنسی ہراسانی کے خلاف قائم کمیٹیوں کو مضبوط بنانے، جبری طور پر مذہب کی تبدیلی کا خاتمہ کرنے اور مذہبی اقلیتوں سے متعلق قوانین پر عوامی مشاورت کے ساتھ نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔شرکا نے گلگت بلتستان میں فیملی کورٹس کے قیام، خواجہ سرا اور صنفی اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور تشدد کے خاتمے، اور افراد کو اپنی جنس کے تعین کا حق برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔مزید برآں، ریلی میں متنازعہ علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم کے حق کو یقینی بنانے، جبری گمشدگیوں کے خلاف آواز اٹھانے والوں پر تشدد ختم کرنے اور پنجاب ڈیفیمیشن ایکٹ 2024 اور دفعہ 144 کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا۔