پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج سہ پہر 4 بجے پاک افغان سرحدی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پریس کانفرنس میں میڈیا نمائندگان کو سیکیورٹی امور، آپریشن کے نتائج، اور سرحدی صورتحال سے متعلق اہم نکات سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ صحافیوں کے سوالات کے بھی جوابات دیے جائیں گے۔یہ پریس کانفرنس ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب افغانستان کی بلااشتعال اشتعال انگیزی کے جواب میں پاکستانی فورسز نے آپریشن غضب للحق جاری رکھا ہوا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اب تک 133 افغان طالبان ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ پاک فوج نے 27 طالبان پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دی ہیں اور 9 پوسٹوں پر قبضہ کر کے پاکستان کا پرچم فخر کے ساتھ لہرا دیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ مؤثر جوابی کارروائی کے دوران پاک فوج نے 36 سے زائد ٹینک، متعدد آرٹلری گنز اور APC تباہ کر دیے، جس سے طالبان کی عسکری صلاحیتوں پر گہرا اثر پڑا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں توقع ہے کہ سرحدی صورتحال اور فوجی آپریشن کی تفصیلات واضح کی جائیں گی، تاکہ عوام اور میڈیا کو درست اور بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔