ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج شام 7 بج کر 15 منٹ پر ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے جس میں پاکستان ایئر فورس اور پاکستان نیوی کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ مشترکہ پریس کانفرنس غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے جس میں ملکی سلامتی اور دفاعی صورتحال کے حوالے سے اہم انکشافات اور تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔ پریس کانفرنس کا مرکزی موضوع "آپریشن بنیان مرصوص" ہوگا، جس کے حوالے سے فوجی قیادت قوم کو اعتماد میں لے گی۔پریس کانفرنس میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والے دفاعی اقدامات، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، دشمن کی جانب سے دراندازی کی کوششوں اور ان کے مؤثر جواب کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بریفنگ میں دشمن کے عزائم اور اُنہیں ناکام بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کی وضاحت بھی کی جائے گی۔یہ پریس کانفرنس ایک ایسے وقت پر ہو رہی ہے جب علاقائی اور عالمی سطح پر سیکیورٹی صورتحال میں کشیدگی دیکھی جا رہی ہے، اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے درمیان مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ قوم کے سامنے لایا جائے گا۔