پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے جواب میں جاری آپریشن غضب للحق کے دوران اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فضائیہ اور بری افواج کے مشترکہ حملوں میں افغان طالبان کے 133 کارندے ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے، جبکہ 27 افغان چوکیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں اور 9 افغان پوسٹوں پر قبضہ کر کے پاکستان کا پرچم فخر کے ساتھ لہرا دیا گیا۔پاکستان نے پکتیا کے علاقے میں 5 اہم افغان پوسٹوں پر قبضہ کیا، جن میں 2 شوال کے مقابل، 2 انگور اڈا کے مقابل اور 1 زرملان کے مقابل شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران پاک فوج نے انگور اڈا کا افغانی ٹرمینل بھی تباہ کر دیا، جس سے طالبان کی فوجی نقل و حرکت متاثر ہوئی۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی مکمل منصوبہ بندی کے تحت کی گئی اور پاکستانی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور دینی اقدار کے مطابق دشمن کو جواب دیا۔ ذرائع کے مطابق طالبان فورسز کو اس مؤثر کارروائی کے دوران بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا اور ان کی عسکری صلاحیتوں پر گہرا اثر پڑا ہے۔پاک فوج نے اس موقع پر عوام اور سول آبادی کی حفاظت کو اولین ترجیح دی اور جنگ کی حالت میں بھی پیشہ ورانہ اقدار کو برقرار رکھا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی افواج دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔