ایل او سی پر بھارتی فوج نے شکست تسلیم کر کے سفید جھنڈا لہرا دیا

ایل او سی پر بھارتی فوج نے شکست تسلیم کر کے سفید جھنڈا لہرا دیا

ویب ڈیسک: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جاری کشیدگی کے دوران پاک فوج کی مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں بھارتی فوج نے ایک بار پھر شکست تسلیم کرلی اور جنگی روایات کے مطابق سفید جھنڈا لہرا دیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق، بٹل سیکٹر کے بالمقابل بھارتی چوکی دھرمسال 2 پر شدید پاکستانی جوابی گولہ باری اور فائرنگ کے بعد بھارتی فورسز نے گھٹنے ٹیکتے ہوئے سفید جھنڈا لہرایا۔ فوجی اصطلاح میں یہ عمل میدان جنگ میں ہتھیار ڈالنے یا شکست تسلیم کرنے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوششوں کے بعد پاک فوج نے نہ صرف مؤثر دفاع کیا بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، جس کے نتیجے میں بھارتی فورسز کی صفوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پاک فوج کی جدید دفاعی حکمت عملی، بروقت ردعمل اور عسکری مہارت نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے سفید جھنڈا لہرایا جانا نہ صرف عسکری ناکامی کا ثبوت ہے بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی ایک پیغام ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔اب تک بھارتی حکام کی جانب سے اس واقعے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم دفاعی ماہرین اسے پاکستان کی سفارتی اور عسکری سطح پر ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔