وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس، پنجاب میں زرعی اصلاحات کا جامع مشن پیش

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس، پنجاب میں زرعی اصلاحات کا جامع مشن پیش

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں صوبے کی زراعت میں بڑے اصلاحاتی اقدامات کا مشن پیش کیا گیا، جس میں کسان کو خود مختار بنانے اور جدید زرعی انقلاب کی بنیاد رکھنے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے بنجر زمینوں کی آباد کاری، ہائیڈروپونک فارمنگ، اور زرعی ایکسپورٹ کے فروغ کے لیے جامع اقدامات کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ٹریکٹرز، سپر سیڈرز، سولرائزیشن اور ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ جیسے منصوبوں کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو زراعت سے جوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایگریکلچر انٹرنز کو ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ پروگرام کا حصہ بنانے کی منظوری دی اور ان کے ماہانہ وظیفے کو 70 ہزار روپے مقرر کیا۔ کہا گیا کہ پنجاب کے ذہین نوجوان اب پورے اعتماد کے ساتھ زرعی انقلاب کی قیادت کریں گے۔اجلاس میں صوبہ بھر میں 10 ہزار ڈیزل ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن اسکیم کی منظوری دی گئی، جبکہ 2028 تک 28 ہزار سپر سیڈرز فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔

 ہائی ٹیک میکانیزیشن پروگرام کے تحت 2028 تک 6,500 جدید زرعی مشینری فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔پوٹھوہار ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پنجاب میں 400 منی ڈیم مکمل ہونے کی رپورٹ پیش کی گئی۔مزید برآں، وزیراعلیٰ نے سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام کے چوتھے فیز کی منظوری دی، جس کے تحت ہائی ہارس پاور ٹریکٹر پر 15 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی جبکہ کم ہارس پاور ٹریکٹر پر سبسڈی 5 لاکھ سے بڑھا کر 7 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔کسان کارڈ سکیم میں مزید کاشتکاروں کو شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا، جبکہ کسان کارڈ پر 98 فیصد ریکوری پر وزیراعلیٰ نے اطمینان کا اظہار کیا۔