محرم الحرام کے انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، امن و امان کے لئے سخت اقدامات کا فیصلہ

محرم الحرام کے انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، امن و امان کے لئے سخت اقدامات کا فیصلہ

لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق ایک اہم اور خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان کو یقینی بنانے، نفرت انگیز مواد کے سدباب، سیکیورٹی، ٹریفک، سہولیات، اور دیگر امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔

ہنگامی پلان اور کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد کا حکم
وزیراعلیٰ مریم نواز نے انتظامیہ سے فوری ہنگامی پلان طلب کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔

سوشل میڈیا اور وال چاکنگ کے خلاف سخت اقدامات
مریم نواز نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی، جبکہ بینرز، پوسٹرز، وال چاکنگ اور ڈرون اڑانے پر پابندی پر عمل یقینی بنانے کے احکامات دیے۔

افسران کی ذاتی نگرانی اور علماء سے ملاقات
وزیراعلیٰ نے تمام وزراء، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی نگرانی کریں اور علماء کرام سے براہ راست ملاقاتیں کرکے تعاون حاصل کریں۔ نفرت انگیز مواد کی مانیٹرنگ کے لیے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کو متحرک کیا گیا ہے۔

سیف سٹی کیمروں کی مرمت اور سیکیورٹی اقدامات
انہوں نے سیف سٹی اتھارٹی کو خراب کیمروں کی فوری مرمت کا حکم دیا۔ محرم کے جلوسوں و مجالس کے لیے فرضی مشقیں شروع کرنے اور لوہے کے پائپ نصب کرنے جیسے سیکیورٹی اقدامات پر بھی اتفاق ہوا۔

سبیلیں، پانی، اور صحت کی سہولیات
محرم کے جلوسوں اور مجالس میں روح افزا، لیموں پانی اور ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگانے، ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے اقدامات، اور فیلڈ اسپتال و کلینک آن وہیل تعینات کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ٹریفک اور بارش کے دوران نکاسی آب کا بندوبست
وزیراعلیٰ نے موثر ٹریفک مینجمنٹ، ٹریفک ایڈوائزری کا بروقت اجرا، اور بارش کی صورت میں فوری نکاسی آب کے انتظامات یقینی بنانے پر زور دیا۔ ہوٹل آئی اور ٹریول آئی کو فعال کرنے اور کومبنگ آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اینٹی ڈرون سسٹم اور بجلی کے معاملات
مریم نواز شریف نے اینٹی ڈرون سسٹم حاصل کرنے اور بجلی کی لٹکتی تاروں کی فوری درستگی کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی۔ جلوسوں کے دوران بجلی بندش اور اسٹریٹ لائٹس کی بندش کی اجازت نہ دینے کا واضح حکم دیا۔

سٹریٹ سیفٹی اور نکاسی آب
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مین ہول کھلے نہ رہیں اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں گٹروں کے ڈھکن لازمی لگائے جائیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ریاست ماں کا کردار ادا کرے: مریم نواز
وزیراعلیٰ نے کہا کہ "ریاست ماں کی طرح ہو، عوام کو ہر جگہ حکومت کی موجودگی اور رٹ نظر آنی چاہیے"۔ انہوں نے پبلک کمیٹیوں کو متحرک کرنے، گزشتہ سال کی کامیابیوں کو مزید بہتر بنانے، اور محرم کو جنگی نوعیت کی حساس صورتحال کے تناظر میں لینے کی تلقین کی۔

نفرت، تعصب، اور تفرقہ بازی کے خلاف دوٹوک مؤقف
مریم نواز نے کہا کہ "تفرقہ اور نفرت نئی نسل کے لیے زہر ہیں، ہمیں ان کا خاتمہ ہر قیمت پر کرنا ہے۔" انہوں نے پائیدار اور مؤثر اقدامات پر زور دیا تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی برقرار رہے۔

بہترین سروس ڈیلیوری پر تعریف
وزیراعلیٰ نے گزشتہ عید آپریشن کی کامیابی پر تمام متعلقہ محکموں، خصوصاً ڈپٹی کمشنرز اور لوکل گورنمنٹ کو شاباش دی اور کہا کہ محرم کے انتظامات بھی ریکارڈ سطح پر ہونے چاہئیں۔

اجلاس میں شریک افسران
اجلاس میں ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب، سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر اداروں کے سربراہان نے محرم الحرام کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جس پر وزیراعلیٰ نے اطمینان کا اظہار کیا اور مزید بہتری کی ہدایت کی۔