پنجاب کے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس اجلاس میں صوبہ بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس کی جامع کیس اسٹڈی تیار کی جائے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے سیوریج اور ڈرینیج منصوبوں پر امپیکٹ اسٹڈی رپورٹ طلب کی اور عوامی فیڈ بیک مرتب کرنے کی بھی ہدایت دی۔اجلاس میں وہاڑی، بورے والا، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ، جلال پور جٹاں، سمبڑیال، مریدکے، کھڈیاں، کبیر والا، چک جھمرہ، بھلوال، اٹک، کمالیہ، لیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، علی پور چٹھہ، چیچہ وطنی، ڈسکہ، سلانوالی، وزیرآباد، بہاولنگر اور میلسی سمیت مختلف شہروں میں جاری پی ڈی پی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ، ساہیوال، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور سیالکوٹ کے منصوبوں پر بھی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 29 شہروں میں انڈرگراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں، اور مزید 21 شہروں میں ان کی تعمیر جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے سیوریج سسٹم کی بدولت نکاسی آب کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔مریم نواز شریف نے مون سون سیزن کے خاتمے کے بعد پنجاب کے تمام شہروں میں خستہ حال اور مخدوش عمارتوں کا جامع سروے کرانے کی ہدایت دی تاکہ ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز اور ڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی، اور کہا کہ باغبانپورہ سانحے کے دوران ڈی سی لاہور 27 گھنٹے مسلسل ملبے سے آخری شہری کو نکالنے تک موقع پر موجود رہے۔وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، واسا اور ستھرا پنجاب کی ٹیموں کی کارکردگی کو بھی قابل تعریف قرار دیا۔