لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کی جانب سے ماہِ صیام کے پیشِ نظر انسدادِ گداگری ایکٹ کے تحت پیشہ ور گداگروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کے نتیجے میں ماہِ فروری کے دوران اب تک 76 پیشہ ور گداگروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ رواں سال مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 285 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 284 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ گرفتار افراد میں 282 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں بھکاری مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے ڈویڑنل افسران کو ہدایت کی کہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے۔سی سی پی او لاہورنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھکاریوں کے بھیس میں سرگرم جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک سگنلز، اہم شاہراہوں، چوراہوں اور مارکیٹوں میں ڈیرے ڈالنے والے عناصر کے خلاف مسلسل کارروائیاں یقینی بنائی جائیں۔