ملزم کو ضمانت پر رہا کروانے کے بہانے تفتیشی کورشوت دینیکی کوشش کی
لاہور (کرائم رپورٹر) انویسٹی گیشن پولیس لیاقت آباد نے خود کو سینئر پولیس افسر کا سٹاف افسر ظاہر کرکے تھانوں میں کام کروانے کی کوشش کرنے والے نوسرباز کو گرفتار کر لیا۔ انچارج انویسٹی گیشن طالب حسین کے مطابق ملزم خود کو سٹاف افسر ظاہر کرکے پولیس اہلکاروں کو فون کرتا اور بعد ازاں خود ہی تھانے پہنچ جاتا تھا۔ ملزم نے ایک زیر حراست شخص کو ذاتی ضمانت پر رہا کروانے کے بہانے تفتیشی افسر سے رابطہ کیا اور اسے 10 ہزار روپے رشوت دینے کی کوشش کی، تاہم تفتیشی افسر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش ملزم نے مختلف تھانوں میں کام کروانے کے لیے پولیس افسر بن کر فون کالز کرنے کا اعتراف کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اپنے واٹس ایپ اکا ئونٹ کی ڈی پی پر مختلف پولیس افسران کی تصاویر بھی لگاتا تھا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا ہے کہ ملزم کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔