لاہور: فیفا کی طرف سے پاکستان فٹبال کی معطلی کے جلد خاتمے کا امکان ہے، کیونکہ پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی کانگریس ارکان نے فیفا کی مجوزہ آئینی ترامیم کو تسلیم کر لیا ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے تحت لاہور میں ہونے والے اجلاس میں آئینی ترامیم منظور کی گئیں، جن سے معطلی کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز میں شرکت کر پائے گی۔پی ایف ایف کی نو منتخب کانگریس نے فیفا کی مجوزہ ترامیم کو بھاری اکثریت سے تسلیم کیا۔ اس اجلاس میں فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے شرکت کی، جن میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری اے ایف سی واحد کاردانی، فیفا ایم اے گورننس کے سربراہ رالف ٹینر، اے ایف سی ساؤتھ ایشیا یونٹ کے سربراہ پرشوتم کیٹل، اور سینئر منیجر سونم جگمی شامل تھے۔اجلاس کی صدارت پی ایف ایف کے صدر اور نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین سعود عظیم ہاشمی نے کی، جبکہ اس موقع پر نارملائزیشن کمیٹی کے ممبران محمد شاہد نیاز کھوکھر اور حارث عظمت بھی موجود تھے۔اے ایف سی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری واحد کاردانی نے کانگریس ارکان کی پاکستان فٹبال میں اصلاحات لانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا، اور ان کی حمایت کی۔