ابوظبی کے ولی عہد، شہزادہ شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان، آج اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
ان کے ہمراہ ابوظبی کے وزراء، اعلیٰ حکام اور کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا، جہاں بچوں نے انہیں گلدستے پیش کیے۔ایئرپورٹ سے روانگی کے بعد، ولی عہد اور ان کا وفد وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی جائے گی۔ ان ملاقاتوں میں تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس موقع پر کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں، جو طویل مدتی تعاون کے لیے موجودہ فریم ورک کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس مئی میں وزیراعظم شہباز شریف کے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران، یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان میں متعدد شعبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی تھی۔اس دورے کے دوران، ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو نشانِ پاکستان سے نوازنے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔