اسلام آباد: بنگلا دیش کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے، قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
بنگلا دیشی اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اسلام آباد آمد پر سردار ایاز صادق نے اپنے بنگلا دیشی ہم منصب اور ان کے ہمراہ آنے والے پارلیمانی وفد کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر پاک۔بنگلا دیش پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی کنوینر ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو بھی موجود تھیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بنگلا دیشی اسپیکر کا دورۂ پاکستان دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ کسی بنگلا دیشی اسپیکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش دو برادر ممالک ہیں جو مشترکہ تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کا یہ دورہ باہمی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔دوسری جانب بنگلا دیش کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے پرتپاک استقبال پر سردار ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے باعثِ مسرت اور اعزاز ہے۔ پاکستان آمد پر ان کی ماضی کی خوشگوار یادیں تازہ ہوگئی ہیں۔بنگلا دیشی اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی روابط دونوں برادر اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان قریبی تعاون سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔