اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام اور دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ کل پاکستان کا دورہ کریں گی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق دورے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور چینی ترجمان رات گئے پاکستان پہنچیں گی۔
ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پر چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستانی حکام ان کا استقبال کریں گے۔ ماؤ ننگ کے ہمراہ آنے والے وفد میں چینی وزارت خارجہ اور وزارت اطلاعات کے حکام شامل ہوں گے۔
پاکستان چائنا فرینڈشپ سینٹر میں خصوصی تقریب
دورے کے دوران پاکستان چائنا فرینڈشپ سینٹر میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں ماؤ ننگ بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق یہ تقریب پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق سرگرمیوں کا حصہ ہے۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات، تعاون اور باہمی روابط کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر توجہ دی جائے گی۔
چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا افتتاح بھی ہوگا
ماؤ ننگ کے دورے کے دوران چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا افتتاح بھی متوقع ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد میڈیا، اسٹریٹجک کمیونیکیشن، معلومات کے تبادلے، پبلک ڈپلومیسی اور ثقافتی تعاون کے شعبوں میں دونوں ممالک کے روابط کو مضبوط بنانا ہے۔اس منصوبے کے ذریعے پاکستان اور چین کے درمیان معلومات کی ترسیل، میڈیا تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے تناظر میں اس اقدام کو اہمیت دی جا رہی ہے۔
اسحاق ڈار اور ترجمان دفتر خارجہ سے ملاقاتیں متوقع
سفارتی ذرائع کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ پاکستانی وزارت خارجہ کا دورہ بھی کریں گی، جہاں ان کی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات متوقع ہے۔ اس کے علاوہ ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان سے بھی ان کی ملاقات ہوگی۔ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، سفارتی روابط، معلومات کے تبادلے اور باہمی تعاون سے متعلق امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
26 اکتوبر کو ترجمانوں کی مشاورت ہوگی
ذرائع کے مطابق 26 اکتوبر کو پاکستان اور چین کی وزارت خارجہ کے ترجمانوں کے درمیان مشاورت بھی ہوگی۔ اس مشاورت میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک کمیونیکیشن اور سفارتی معلومات کے تبادلے سمیت مختلف امور پر بات چیت متوقع ہے۔ادھر سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے ایک اور وفد کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے، تاہم اس وفد کے دورے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔