ابوظبی کے ولی عہد شہزادہ شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے جہاں انہیں وزیرِ اعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بارش کے دوران معزز مہمان کو بھیگنے سے بچانے کے لیے خود چھتری تھام رکھی۔ولی عہد کی آمد کے موقع پر نور خان ایئر بیس پر پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری اور دیگر حکومتی شخصیات موجود تھیں۔ ایئر بیس پر معصوم بچوں نے گلدستے پیش کیے۔ابوظبی کے ولی عہد کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح وفد بھی پاکستان آیا ہے، جس میں سینئر حکام اور کاروباری شخصیات شامل ہیں۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ولی عہد کی ملاقاتوں میں اقتصادی و سرمایہ کاری تعاون بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔