ازبکستان کے نائب وزیرِ دفاع میجر جنرل برخانوف احمد جمالووچ جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچے، جہاں انہیں تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ازبک نائب وزیرِ دفاع کی آمد پر اعلیٰ عسکری قیادت نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اسٹریٹجک دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران، فریقین نے خطے میں بدلتی سیکیورٹی صورتِ حال اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر گفتگو کی۔ اس موقع پر ازبک نائب وزیرِ دفاع نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور خطے میں قیامِ امن کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔