راولپنڈی:چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ہنگری کے نائب وزیر دفاع نے ملاقات کی، جس میں علاقائی سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران خطے کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاع کے شعبے میں اشتراک کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ملاقات میں سیکیورٹی تعاون کے علاوہ، دفاعی صنعت میں باہمی شراکت داری، عسکری تربیت اور تکنیکی مہارتوں کے تبادلے جیسے امور بھی زیر بحث آئے۔ہنگری کے نائب وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے علاقائی استحکام کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی عسکری پیشہ ورانہ مہارت کی بھی تعریف کی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔