چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے دورہ عراق کے دوران عراقی وزیراعظم محمد الشیعہ السودانی سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے، آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل ساحر شمشاد نے عراق کے وزیردفاع، وزیرداخلہ اور چیف آف ڈیفنس فورس سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے کے لیے مختلف طریقوں پر بات چیت کی گئی، اور دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔عراق کی سول اور عسکری قیادت نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔ عراق کے فوجی ہیڈکوارٹر میں جنرل ساحر شمشاد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔