ویب ڈیسک: پاکستان کے سابق لیگ اسپنر اور کوچ مشتاق احمد نے سابق کپتان وسیم اکرم اور وقار یونس پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں قانونی نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ معاملہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اس وقت سامنے آیا جب میزبان فخر عالم نے وسیم اکرم اور وقار یونس کو ایک ویڈیو دکھائی، جس میں مشتاق احمد نے دعویٰ کیا کہ دونوں سابق کرکٹرز ان کا مذاق اڑاتے رہے ہیں اور ان کی کوچنگ صلاحیتوں پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔مشتاق احمد نے کہا کہ آج کے دور میں سوشل میڈیا اور قانون دونوں ترقی کر چکے ہیں، اور اسی لیے وہ اپنے وکیل کے ذریعے وقار یونس کو 20 کروڑ اور وسیم اکرم کو 15 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وسیم اکرم انہیں نیٹ پریکٹس کے دوران باؤنسر مارا کرتے تھے، جس کی وجہ سے ان کا اعتماد متاثر ہوا، ورنہ وہ پاکستان کے بہترین آل راؤنڈر بن سکتے تھے۔
وسیم اکرم نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا، "آپ نائٹ واچ مین کے لیے بنے ہی نہیں تھے، جب بھی آپ کو بھیجا، آپ نے ہمیشہ ’انڈہ‘ سکور کیا، اب آپ سے کورٹ میں ہی ملاقات ہوگی۔" دوسری جانب، وقار یونس نے فوری طور پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس 20 کروڑ روپے نہیں ہیں، اور مشتاق احمد سے درخواست کی کہ وہ دل صاف کر لیں۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کے ملے جلے ردعمل سامنے آئے۔ کچھ لوگوں نے مشتاق احمد کے الزامات کو سنجیدگی سے لیا، جبکہ کچھ نے اسے محض پروگرام کی تشہیر کے لیے کیا گیا ایک ’پبلسٹی اسٹنٹ‘ قرار دیا۔