قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کے نائنٹیز کی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے دیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے، پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
وقار یونس نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر 1990 کی دہائی کے کرکٹرز کے حوالے سے ایک پوسٹ کی، جس میں انہوں نے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی۔ پوسٹ میں وقار یونس نے 1990 کی دہائی کے کھلاڑیوں کے حوالے سے "90 کی دہائی کا لونڈا!" لکھا، جس سے ان کی نائنٹیز کی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے محبت اور ان کے ساتھ کھلاڑیوں کے تعلقات کا اظہار ہوا۔وقار یونس نے اپنی پوسٹ میں اس جوڑی کی کرکٹ کارکردگی بھی شیئر کی، جس کے مطابق وسیم اکرم اور وقار یونس نے 191 ٹیسٹ اور 618 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں مجموعی طور پر 1705 وکٹیں حاصل کیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے 8,594 رنز بھی اسکور کیے، اور 66 بار 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 10 بار انہوں نے ایک میچ میں 10 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ وقار یونس نے اس پوسٹ میں ہیش ٹیگ کے ذریعے "ناٹ بیڈ" بھی لکھا اور وسیم اکرم کو ٹیگ کیا۔
یہ ردعمل محمد حفیظ کی جانب سے کیے گئے ایک بیان کے بعد آیا جس میں انہوں نے 1990 کی دہائی کے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر سوال اٹھایا تھا۔ حفیظ نے کہا تھا کہ نائنٹیز کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو کئی میگا اسٹارز دیے، لیکن وہ کسی آئی سی سی ایونٹ میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔ ان کے مطابق 1996 کے ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی میں کمی تھی، اور 1999 میں ٹیم فائنل تک پہنچنے میں کامیاب تو ہوئی تھی، لیکن 2003 کے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گئی تھی۔ حفیظ نے شعیب اختر سے سوال کیا کہ 90 کی دہائی کے کرکٹرز نے نوجوان کھلاڑیوں کو کس ایونٹ میں کامیابی دلائی؟محمد حفیظ کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد وقار یونس نے اپنے ردعمل میں 1990 کی دہائی کے کرکٹرز کی کامیاب کارکردگی کا دفاع کیا۔
اسی دوران، پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ابتدائی میچز میں پاکستان کی مہم ختم ہو گئی۔ ایونٹ کے ابتدائی دو میچز میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور گروپ کا آخری میچ بارش کی نظر ہو گیا تھا۔ پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد، دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر اسے ایونٹ سے تقریباً باہر کر دیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد، پاکستان کی سیمی فائنل میں جانے کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں اور پاکستان کا آخری میچ بنگلہ دیش کے ساتھ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ایونٹ کے فائنل میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پہنچ چکی ہیں، اور یہ میچ 10 مارچ بروز اتوار دبئی میں کھیلا جائے گا۔