پاکستانی کرکٹ لیجنڈ وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان جعلی خبروں اور مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ویڈیوز کی سختی سے تردید کر دی ہے، جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وسیم اکرم دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔
یہ افواہیں جعلی ویڈیوز اور سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے پھیلائی گئیں، جس کے باعث مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور سابق قومی کپتان کی خیریت سے متعلق سوالات اٹھنے لگے۔ان افواہوں کا جواب دیتے ہوئے شنیرا اکرم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی، جس میں وسیم اکرم جم میں ورزش کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں وہ کیبل پل ڈاؤنز، پل اپس اور باربیل فلور پریس سمیت مختلف ورزشیں کرتے نظر آتے ہیں، جبکہ آخر میں وہ کیمرے کی جانب دیکھ کر مسکراتے بھی ہیں۔شنیرا اکرم نے ویڈیو کے ساتھ لکھا، "یہ ریکارڈنگ میں نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی خبروں اور AI سے تیار کردہ ویڈیوز کے جواب میں شیئر کی ہے۔ جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، وہ جم میں ہیں اور بالکل خیریت سے ہیں۔"شنیرا اکرم کی وضاحت اور ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی وسیم اکرم کی وفات سے متعلق تمام افواہیں بے بنیاد ثابت ہو گئیں۔انہوں نے صارفین سے اپیل بھی کی کہ غیر مصدقہ خبروں اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ گمراہ کن مواد پر یقین کرنے کے بجائے مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔