لاہور: سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم نے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے روایتی ٹکراؤ پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دبئی میں ماحول خاصا کشیدہ ہوسکتا ہے، اس لیے کھلاڑیوں اور شائقین کو نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پیش نظر دبئی میں میچ کے دوران فضا گرم ہوسکتی ہے، لیکن ضروری ہے کہ نہ کھلاڑی اور نہ ہی تماشائی کھیل کی حدود کو پار کریں۔وسیم اکرم کے مطابق دنیا بھر میں کروڑوں لوگ پاک بھارت مقابلہ دیکھتے ہیں، یہ میچ ہمیشہ سنسنی خیز ہوتا ہے مگر حب الوطنی کا مطلب یہ نہیں کہ کھیل کو کھیل کے دائرے سے نکال دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی شائقین اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں تو پاکستانی تماشائی بھی اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گے، آخرکار یہ کھیل ہی ہے۔سابق کپتان نے 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول پاک بھارت میچ میں بھارت کو فیورٹ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ برسوں میں بھارت کے خلاف تسلسل کے ساتھ فتوحات حاصل نہیں کیں، تاہم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں گرین شرٹس نے اچھا کھیل پیش کیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے 2021 کے ورلڈ کپ اور 2022 کے ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دی تھی۔وسیم اکرم نے کہا کہ بھارت حالیہ فارم میں بہتر ٹیم ہے لیکن اصل فیصلہ اس بات پر ہوگا کہ دونوں ٹیموں میں سے کون دباؤ کو بہتر انداز میں جھیلتی ہے۔