سیلاب متاثرین کے لیے چیریٹی میچ، وسیم اکرم اور بابر اعظم کی عوام سے شرکت کی اپیل

سیلاب متاثرین کے لیے چیریٹی میچ، وسیم اکرم اور بابر اعظم کی عوام سے شرکت کی اپیل

پشاور: سابق کپتان وسیم اکرم اور موجودہ قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ پشاور میں ہونے والے فلڈ ریلیف چیریٹی میچ میں بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں تاکہ سیلاب متاثرین کی مدد کی جا سکے۔

پشاور زلمی اور خیبر پختونخوا حکومت کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس چیریٹی میچ کی تمام آمدنی سیلاب متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور امداد پر خرچ کی جائے گی۔وسیم اکرم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پشاور کے شہریوں کو طویل عرصے بعد اپنے قومی ہیروز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ "یہ ایک تاریخی لمحہ ہوگا، میں چاہتا ہوں کہ سب لوگ ٹکٹ خرید کر اسٹیڈیم آئیں کیونکہ آپ کا ہر ٹکٹ سیلاب زدگان کی زندگی بہتر بنانے میں کردار ادا کرے گا۔"

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ کرکٹ ہمیشہ لوگوں کو جوڑتی ہے اور یہ میچ نہ صرف کرکٹ کا لطف دے گا بلکہ انسانیت کی خدمت کا ذریعہ بھی ہوگا۔بابر اعظم نے بھی اپنے ویڈیو پیغام میں شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ کے ہیروز پشاور آرہے ہیں، آپ بھی آئیں اور اسٹیڈیم میں اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھیں۔ میں آپ سب کا اسٹیڈیم میں انتظار کروں گا۔"