افغانستان میں بارش و ژالہ باری نے تباہی مچادی: 30افراد جاں بحق

مغربی صوبہ فراہ میں ژالہ باری کے نتیجے میں 22افراد ،جنوبی قندھار میں8افراد جاں بحق ہوئے
کابل (آئی این پی )افغانستان میں بارشوں، سیلاب اور ژالہ باری نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں کم از کم 30افراد جاں بحق ہوگئے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ افغانستان کے 2صوبوں میں ژالہ باری اور شدید بارش کے باعث 30افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ مغربی صوبہ فراہ میں ژالہ باری کے نتیجے میں 22افراد جاں بحق اور 6دیگر زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والے2خاندانوں کے افراد  سیر و تفریح کے لیے گئے تھے۔اس کے علاوہ جنوبی قندھار میں مختلف مقامات پر شدید بارش کے باعث 8افراد، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں، جاں بحق ہوئے۔حکام نے بتایا کہ قندھار میں 4خواتین جو کپڑے دھونے میں مصروف تھیں، سیلابی پانی میں بہہ گئیں جس میں صرف ایک خاتون زندہ بچ سکی جبکہ ایک بچہ بھی ڈوب کر جاں بحق ہوا۔ اس کے علاوہ ایک چھت گرنے سے خاتون اور 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔