لاہور، اسلام آباد ‘راولپنڈی‘بہاولپور، اوچ شریف اور وہاڑی میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش ‘ نشیبی علاقے زیرآب آگئے
خیبر پختونخوا میں موسلا دھار بارشیں، بلوچستان کے مختلف علاقو ں میں بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد18ہوگئی
لاہور، اسلام آباد،پشاور(آئی این پی )ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوںمیں بادل برس پڑے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں مال روڈ، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، جیل روڈ، اپر مال، فیروزپور روڈ، چوبرجی، ساندہ، گلبرگ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور ٹھنڈ بڑھ جانے سے درجہ حرارت میں بھی کمی آگئی، لاہور کا آج کم سے کم درجہ حرارت 16 جبکہ زیادہ سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارس برسنے کا سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ جاری رہے گا۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور سردی بھی بڑھ گئی۔اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں بہاولپور، اوچ شریف اور وہاڑی میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، قصور، پھول نگر، میاں چنوں، عبدالحکیم، میکلوڈگنج، چشتیاں، راجن پور اور قائد آباد میں بھی بادل برس پڑے۔دوسری جانب پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں رات بھر وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث موسم سرد جبکہ سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا یہ سلسلہ 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پشاور میں بارش کی شدت میں مزید اضافہ دیکھا گیا، جبکہ شہر کے کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔ مسلسل بارش کے باعث خیبر پختونخوا میں بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا اور متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔خیبر پختونخوا میں ہونے والی بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 47 افراد جاں بحق جبکہ 117 افراد زخمی ہوگئے۔صوبے میں ہونے والی بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے پچھلے 4 روز کے دوران 21 افراد جاں بحق جبکہ 40 افراد زخمی ہوئے جبکہ 25 مارچ سے جاری بارشوں کے باعث اب تک مجموعی طور پر 47 افراد جاں بحق اور 117 افراد زخمی ہوئے۔ مجموعی طور پر جاں بحق افراد میں 27 بچے، 13 مرد اور 7 خواتین جبکہ زخمیوں میں 45 مرد، 21 خواتین اور 51 بچے شامل ہیں‘محکمہ پی ڈی ایم اے بلوچستان نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔پی ڈی ایم اے کے اعداد وشمار کے مطابق بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے دوران جاں بحق ہونے والوں کی تعداد18ہوگئی،جاں بحق ہو نے والوں میں7مرد اور11بچے بھی شامل ہیں، مو سلا دھار بارشوں کے باعث 17افراد زخمی بھی ہوئے، زخمی ہونے والوں میں11بچے ،4خاتون اور2مرد شامل ہیں