پھر طوفان‘بارش‘ژالہ باری‘مظفرآباد میں بادل پھٹنے سے خاتون جاں بحق کئی مکان تباہ

جڑواں شہروں میں آندھی کے باعث کئی درخت گرگئے‘گاڑیوں کو نقصان پہنچا‘ پشاور  کے علاقے متنی میں ہوٹل کی چھت گر گئی،  3 افراد زخمی
 ہری پورکی تینوں تحصیلوں میں طوفان ‘ہلکی بارش ، درخت اوربجلی کے کھمبے اکھڑ گئے، لاہور میں بھی آندھی‘بلوچستان کے کئی علاقوں میں مٹی کا طوفان

اسلام آباد‘پشاور‘لاہور(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد‘راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں تیز آندھی آئی‘بارش اور ژالہ باری ہوئی‘جڑواں شہروں میں آندھی کے باعث کئی درخت اور بل بورڈ گرگئے‘پشاور، سوات، دیر لوئر، پبی نوشہرہ، کبل، خوازہ خیلہ، مٹہ میں تیز بارش ہوئی، گلیاں پانی سے بھر گئیں، بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا‘سپورٹس گراؤنڈ کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا، بجلی کی لائنیں انڈسٹریل اسٹیٹ میں گرگئیں، طوفانی بارش سے شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔سوات میں بھی طوفانی ہوائیں چلیں، تیز ہواؤں کے باعث مینگورہ شہر میں سائن بورڈ اکھڑ گئے، تحصیل کبل، خوازہ خیلہ اور مٹہ میں بارش اور ژالہ باری سے آڑو کی باغات متاثر ہوئے۔ پشاور کے علاقے متنی میں ہوٹل کی چھت گر گئی،  3 افراد زخمی ہو گئے ۔ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، لورالائی میں بھی آندھی اور مٹی کا طوفان آیا۔۔ایبٹ آباد اور گردونواح میں طوفانی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا‘ مظفرآباد کے نواحی علاقے بلگراں کے مقام پر کلاوڈ برسٹ ہونے سے کئی مکانات تباہ ہوگئے، مسجد کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق بادل پھٹنے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ کئی افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب وادی نیلم میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھ مقام، لوات، دواریاں، دودنیال اور شاردہ میں تیز بارش اور اڑنگ کیل، وادی شونٹھر اور وادی گریس میں بھی تیزبارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔لاہور میں بھی آندھی چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا