متعدد سڑکیں تباہ ہوگئیں، 130سے زائد دیہات بجلی سے محروم ،80ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل
بیجنگ(آئی این پی)چین کے دارالحکومت بیجنگ اور شمالی علاقوں میں جاری شدید بارشوں نے خوفناک تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں اب تک 30افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ 80ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی چین کے کئی علاقوں میں رواں ہفتے شدید بارشیں ہوئیں، جنہوں نے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا۔بیجنگ کے شمال مشرقی ضلع می ین میں سب سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ بارشوں کے نتیجے میں متعدد سڑکیں تباہ ہوگئیں اور 130سے زائد دیہات بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی الرٹس اور وارننگز پر عمل کریں اور خطرناک علاقوں کا غیر ضروری سفر نہ کریں۔