پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے گڑھی خدابخش میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کو فائدہ پہنچانا ہونا چاہیے، نہ کہ گالم گلوچ یا سپہ سالاروں پر کیچڑا اچھالنا۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ایسے رویے کی مذمت کی جاتی ہے کیونکہ یہ سیاست کے اصولوں کے منافی ہیں۔شیری رحمان نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیں سکھایا کہ جتنی بھی تکالیف آئیں، ریاست پر حملہ نہیں کرنا چاہیے اور جمہوری قوتوں کا کام مظلوم طبقات کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ ان کے بقول، بلاول بھٹو زرداری محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں اور عوام کے حقوق کے لیے مستقل جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے آمریت کے سامنے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور جب بھی وفاقی حکومت پر حملہ ہوتا ہے، پیپلز پارٹی اس کے خلاف کھڑی ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سیاست صرف ایک قیدی کو رہا کرنے کے گرد گھومتی رہ گئی ہے۔شیری رحمان نے مزید وضاحت کی کہ پیپلز پارٹی کی موجودگی کی وجہ سے آئینی ترامیم میں عوام مخالف شقیں ہٹائی گئی ہیں، جس سے ملکی قانون اور عوامی مفاد کی حفاظت ممکن ہوئی۔