اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بھارتی سابق وزیرِ داخلہ پی چدمبرم کے بیان نے مودی حکومت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
پہلگام حملے میں پاکستان کا کوئی ثبوت نہیں
شیری رحمان نے پہلگام واقعے سے متعلق پی چدمبرم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، اور یہ بیان بھارت کے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو جھوٹا ثابت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ "بھارتی حکومت حملہ آوروں کی شناخت اس لیے چھپا رہی ہے کیونکہ وہ بھارتی شہری تھے۔"
آزادانہ تحقیقات کی پیشکش
پی پی پی رہنما نے کہا کہ پاکستان نے معاملے پر بھارت کو آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کر رکھی ہے، لیکن بھارتی حکومت شفاف تحقیقات سے خوفزدہ ہے کیونکہ سچ سامنے آ جائے گا۔
سیز فائر اور خطے میں امن کی حمایت
شیری رحمان نے مزید کہا کہ "ڈونلڈ ٹرمپ 27 بار کہہ چکے ہیں کہ سیز فائر میں ان کا کلیدی کردار تھا۔ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا حامی رہا ہے، جبکہ بھارت الزامات کی سیاست پر قائم ہے۔"
بھارت کی سفارتی ناکامی اور کھیلوں میں ہزیمت
پی پی سینیٹر کے مطابق، ایس سی او اجلاس میں بھارت کی تنہائی اس کے جھوٹے بیانیے کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "پہلگام حملہ بھارتی ریاستی ناکامی کا نتیجہ ہے۔ مودی حکومت کو پاکستان پر الزامات لگانے کے بجائے اپنی اندرونی ناکامیوں پر غور کرنا چاہیے۔"