منڈی مدرسہ کے قریب 32 سالہ رمضان کو ڈنڈوں سے ماراگیا،مقدمہ درج ،2ملزم گرفتار
بہاولنگر (خصوصی رپورٹ) منڈی مدرسہ کے قریب زمیندار کے ملازم محمد رمضان پر تشدد کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق ہو گیا۔بتایاگیاہے کہ 32 سالہ محمد رمضان مقامی زمیندار کے ہاں ملازمت کرتا تھا۔ کام پر دیر سے پہنچنے اور جانوروں کو چارہ بروقت نہ دینے پر مقامی زمیندار نے ساتھی کے ہمراہ ملازم کو ڈنڈوں اور سوٹوں سے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے مقتول کا بازو ٹوٹ گیا اور جسم کے دیگر حصے شدید متاثر ہوئے۔ محمد رمضان ہسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑ گیا۔پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی اور مقدمہ درج کرنے کے بعد دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔