یکم جون کو صرف تیر چلے گا،ہم بتائیں گے خدمت کی سیاست کیا ہوتی ہے،سمبڑیال میں انتخابی جلسہ سے خطاب
پیپلز پارٹی کا ترنگا سدا لہراتا رہیگا،راحیل کامران چیمہ امیدوارپی پی 52،جلسہ میںتیر تے مہراں ٹھکا ٹھک کے نعرے
لاہور(خصوصی رپورٹر )سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عام آدمی کی جنت ماں اور سیاست کی جنت عوام کے پیروں تلے ہے۔اہل سمبڑیال کی آنکھوں کی چمک بتاتی ہے کہ انکے آگے کوئی نہیں ٹھہر سکتا۔ہم ووٹ ڈالنا اور اس کی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں۔وہ پیپلز پارٹی کے پی پی 52سے امیدوار راحیل کامران چیمہ ایڈووکیٹ کے نادر شاہ گراؤنڈ سمبڑیال میں انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر جلسہ گاہ جیالوں کے نعروں ٹھپے ہے ٹھپہ ،تیر ہے ٹھپہ،تیر تے مہراں ٹھکا ٹھک کے نعروں اور رنگ برنگی آتشبازی سے گونجتا اور پارٹی پرچموں کی بہار سے رنگتا رہا۔جلسے میں چودھری یاسین، نوید انتھونی،سینیٹر انور لال دین، امتیاز صفدر وڑائچ،اعجاز سمہ،ملک طاہر،محسن ملہی،رانا جمیل منج،ڈاکٹر خیام حفیظ،چودھری احسن گھمن،اظہر ڈیال،ریاض شاہ،کاشف گجر ،کوثر جمیل،ڈاکٹر سلویسٹر رانجھا،صابر بھلہ،ارشاد سندھو،مسعود ملک جھٹیکے بھی موجود تھے۔راجا پرویز اشرف نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کا اصل رنگ سمبڑیال میں نظر آیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ مزدور،کاشتکار،سرکاری ملازمین کاساتھ صرف پیپلز پارٹی دیتی ہے۔یکم جون کو صرف پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا ہے۔سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پی پی کو کامیاب کروائے بغیر کوئی چارہ نہیں، اب صرف پیپلز پارٹی کا تیر چلے گا،ہم بتائیں گے کہ خدمت کی سیاست کیا ہوتی ہے۔انہوں نے وارننگ دی کہ ہمارے امیدوار اور ووٹر کی طرف غلط نظر سے دیکھنے والوں کے ہاتھ توڑ دینگے،ہم اپنا حق لینا اور اپنے حقوق کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔انہوں نے زور دیکر کہا کہ سمبڑیال انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کو متنبہ کرتا ہوں کہ وہ پر امن الیکشن یقینی بنائیں۔انہوں نے جلسے کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کن گھڑی آ چکی ہے حلقے کے رہائشی کو ووٹ دینا ہے یا غیر کو؟پی ٹی آئی اور( ن) لیگ والو عقل کرو اور اہل امیدوار کو آگے آنے دو۔پی پی 52سے پیپلز پارٹی کے امیدوار راحیل کامران چیمہ نے کہا کہ فارم 47کی پیداوار کو ایسا سبق سکھائیں گے کہ یاد رکھیں گے۔پیپلز پارٹی کا ترنگا سدا لہراتا رہیگا،ایک طرف سرمایہ داروں کے ایجنٹ اور دوسری طرف ورکرز کا نمائندہ ہے۔راحیل چیمہ نے کہا کہ اہل سمبڑیال آج بی بی کے خون کا بدلہ پیپلز پارٹی کو ووٹ دیکر لینے کا عہد کریں،پنجاب میں یکم جون کے بعد نیا سورج طلوع ہو گا۔سندھ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر نوید انتھونی نے کہا کہ پی پی 52کے فرعونوں کو یکم جون کو ملکر شکست دینگے۔پیپلز پارٹی سٹی سمبڑیال کے صدر احسن گھمن نے کہا کہ سمبڑیال نے ثابت کر دیا ہے کہ ووٹ پیپلز پارٹی کا ہے۔جلسے سے اعجاز سمہ،محسن ملہی،موسیٰ کھوکھر، محمد اصغر کائرہ،ثنا ء اللہ ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہاہل سمبڑیال یکم جون کو تیر پر ٹھپہ لگائیں۔